وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں جولائی میں ہونے والی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام ندی نالوں کی صفائی کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جون سے لے کر یکم جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی ہے جبکہ 26 سے 30 جون کے دوران بہاولپور، ملتان،خانیوال، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس پہنچیں جدھر ایک میٹنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ دنیا میں ارلی فلڈ وارنگ سسٹم رائج ہے، پاکستان میں کیوں پتا نہیں چلتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں ندی نالوں کی صفائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ندی نالوں میں تجاوزات اور رکاوٹوں کو ہٹایا جائے، جبکہ بارشوں کی صورت میں ہرشہر میں پانی کے نکاس کا اہتمام کیا جائے۔وزیراعلیٰ کے مطابق جہاں بھی سیلاب کا خطرہ ہو وہاں پر بروقت اقدامات کیے جائیں جبکہ سیلاب کی بروقت اورمستند اطلاعات کی ترسیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔