مشرقی افغانستان میں 30 اگست کو آنے والے شدید زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 200 سے زائد ہو گئی ہے، طالبان حکومت کے مطابق رضاکار اور امدادی کارکن تاحال ملبے تلے دبی لاشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں ۔
افغان میڈیا مطابق افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے مجموعی طور پر 2 ہزار 217 افراد جاں بحق جبکہ تقریبا 4 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے اکثریت کا تعلق سرحدی صوبہ کنڑ کے پہاڑی علاقوں سے ہے ۔
افغان عبوری حکومت کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امدادی کام تاحال جاری ہے، تباہ ہونے والے گھروں اور ملبے سے لاشوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے ۔
حمد اللہ فطرت نے اب تک زلزنے میں 2 ہزار 205 افراد کے جاں بحق اور 3 ہزار 640 افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو آپریشن اس وقت بھی جاری ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کے لیے لگائے گئے عارضی کیمپوں میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم امید چھوڑ نہیں سکتے، ممکن ہے اب بھی کچھ لوگ ملبے کے نیچے زندہ ہوں ۔