پاکستان نے قومی ترانے کی بے حرمتی پر افغان سفارتخانے کی وضاحت مسترد کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی عالمی قوانین کے خلاف ہے، افغان سفارت خانے کی وضاحت کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، جو بھی سفارتی سطح پر موجود ہو اسے پاکستانی قومی ترانے کا احترام کرنا چاہیے، افغان ناظم الامور محب اللہ شاکر ایک ویلڈ ویزے پر پاکستان موجود ہیں، غیر ملکی سفارت کاروں کے ساتھ ملاقاتوں اور ان کو مدعو کیے جانے کی گائیڈ لائنز ہوتی ہیں، ہم حکومتی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو ان گائیڈ لائنز پر عمل کی درخواست کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا سفارتی اقدار کا دنیا بھر میں سفارت کاروں کو احترام کرنا واجب ہوتا ہے، قومی ترانے اور قومی پرچم کا احترام ضروری ہوتا ہے، ہم نے اس معاملے کو افغان انتظامیہ کے سامنے اٹھایا ہے۔