پاکستان کی مسلح افواج نے ایک مرتبہ پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عسکری برتری کو دنیا کے سامنے ثابت کر دیا ہے۔ معروف بین الاقوامی جریدے "دی نیشنل انٹرسٹ” نے ایک حالیہ رپورٹ میں پاک فضائیہ کی بھارتی فضائیہ پر واضح برتری کو تسلیم کیا ہے، جو پاکستان کے لیے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی سطح پر بھی ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے جدید J-10C لڑاکا طیاروں اور PL-15 میزائلوں کے ذریعے پانچ بھارتی جنگی طیاروں کو کامیابی سے مار گرایا۔ ان میں بھارت کے مہنگے اور جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل ہیں، جن کی تباہی نئی دہلی کے لیے ایک ناقابلِ برداشت دھچکا ثابت ہوئی ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ واقعہ صرف ایک فضائی جھڑپ نہیں بلکہ ایک بھرپور عسکری پیغام ہے: "پاکستان دشمن کو سبق سکھانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ بھارت نے رافیل طیاروں کو اپنی فضائی برتری کا نشان بنایا تھا، لیکن پاک فضائیہ نے ان طیاروں کو نشانہ بنا کر واضح کر دیا کہ میدان صرف دعوؤں سے نہیں بلکہ صلاحیت اور حکمتِ عملی سے جیتا جاتا ہے۔
"دی نیشنل انٹرسٹ” کا یہ تجزیہ بین الاقوامی سطح پر پاک فوج کی عسکری طاقت کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی دفاعی منصوبہ بندی، جدید ہتھیاروں کا استعمال، اور پیشہ ورانہ تربیت بھارت کی نسبت کہیں زیادہ مؤثر اور خطرناک ہے۔
اس کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر "سلام پاک فوج” اور "فخر ہے ہمیں” جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ عوام اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ یہ فتح صرف ایک عسکری جھڑپ نہیں بلکہ دشمن کے غرور کو مٹی میں ملانے کا نام ہے۔