فاٹا قومی جرگہ نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کا نیا گورنر قبائلی اضلاع سے ہونا چاہئے۔ جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاٹا قومی جرگہ کے مشران نے کہا ہے کہ قبائلی گورنر ہی قبائلی عوام کے مسائل کو سمجھ کر حلو کر سکتا ہے۔
مشران نے کہا کہ انضمام کے بعد قبائلی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں میں سے کوئی بھی پورا نہیں کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں قبائلی مشران و عوام کا حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لئے بھی یہ اقدام ضروری ہے۔
مشران کے مطابق ابھی تک قبائلی عوام کو این ایف سی ایوارڈ میں تین فیصد حصہ نہیں ملا اور سالانہ 110 ارب روپے بھی نہیں دیئے گئے۔
فاٹا قومی جرگہ کے مشران نے مزید مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے فاٹا سیکرٹریٹ بحال کیا جائے اورقبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے قبائلی اضلاع کا الگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کیا جائے۔