وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کوہاٹ کا دورہ کیا اور قبائلی ضلع کرم کی صورتحال پر قائم گرینڈ جرگے میں شرکت بھی کی ۔جرگے سے خطاب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں جاری جنگ زمینی تنازعہ نہیں بلکہ نفرتوں کا نتیجہ ہے، اگر زمینی تنازعہ ہے تو وہ زمین سرکار خرید لے گی، لیکن مالک کا تعین کون کریگا ۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے دین نے ہمیں فرقہ واریت سے منع کیا ہے، ایک دوسروں کو کافر کہنے والوں کی زبان بند کرنا پڑے گی، اسلحہ کی زور پر بدامنی اور نفرتیں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے ان کی راہ روکنے پڑے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت گرینڈ جرگہ کو تمام تر اختیارات دے رہی ہے، گرینڈ جرگہ جو بھی فیصلہ کریگا وہ ہمیں منظور ہوگا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جو بھی امن کو خراب کرے اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج علاقے میں امن کے لئے تعینات ہے، فوج، پولیس اور انتظامیہ مل کر علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں، علاقے میں قائم تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں امن کے لئے وفاقی حکومت ایف سی کے پلاٹونز فراہم کرے، گرینڈ جرگہ مکمل امن کے قیام تک علاقے میں رہے، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں مقامی کمیونٹی اس کی نشاندہی کرے، فریقین کے درمیان نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لئے مقامی عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ جمع کیا جائے جبکہ سرحدی علاقے کے لوگوں کے پاس موجود اسلحہ بھی امانتاً جمع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں، صوبائی حکومت ان بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی روایات کے مطابق خواتین اور بچوں کو جنگ میں ضرر نہیں پہنچایا جاتا، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کی ہدایت بھی کی ۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والے بھی دہشت گرد ہے۔ سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔کرم میں ایسے افسروں کو تعینات کیا جائے جو قبائلی رسم و رواج سے واقف اور جرگہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں ۔
علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ سیکیورٹی فورسز مسلحہ جتوں کو غیر مسلح کردیں۔ گرینڈ جرگہ دونوں فریقین کو مری معاہدہ پر آمادہ کریں۔