صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزيراعظم شهبازشريف نے 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں اور ان کی بے مثال کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔
اسلام آباد: اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا ۔
صدر زرداری نے 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس تاریخی معرکے میں شجاعت اور بہادری کی ایسی داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، پاک فضائیہ نے نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ ہر مشکل وقت میں پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق، ’’بنیان المرصوص‘‘ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔
وزیراعظم شہبازشريف نے اپنے پيغام میں کہا کہ پاک فضائیہ کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت دنیا میں کسی سے کم نہیں، پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے، ان کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی ۔
انہوں نے کہا 7 ستمبر کا دن پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں اپنے عظیم کارناموں سے ملک کا دفاع کیا ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور طاقت سے فضائی معرکوں میں اپنی دھاک بٹھائی اور دشمن کو بھرپور جواب دیا، مسلح افواج نے یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کو چاروں شانے چت کر کے دنیا کو حیران کن انداز میں شکست دی ۔