سینیٹ میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے
قرارداد سیمی ایزدی نے پیش کی۔ جس میں سفارش کی گئی کہ حکومت خواتین کی معیشت میں شمولیت کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جبکہ مؤثر تعلیمی اور ہنر سکھانے کے پروگرامز کے ذریعے خواتین کی تقرری اور ملازمتوں پر برقرار رکھنے کے مواقع کو فروغ دیا جائے۔قرارداد میں کہا گیا کہ منصوبہ بندی اور تعلیمی اصلاحات کے ذریعے فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، اقتصادی شعبہ جات میں خواتین کی ضروریات کو پورا کرنے کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی جائے جبکہ خواتین کی ملازمت کے مقامات پر بہتر ماحول اور خواتین کی بہبود و ترقی کو یقینی بنایا جائے۔
صحت اور زچگی سے فیصلوں کی مدد سے خواتین کی خود مختاری کے لیے قومی صحت پالیسیوں میں اصلاحات کی جائیں۔ مثؤر اور مضبوط قانونی نظام عدل کے ذریعے خواتین کے خلاف ہر طرح کے تشدد کا خاتمہ کیا جائے۔کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے، ٹھوس اقدامات سے مساوات اور عدل پر مشتمل معاشرہ تشکیل دیا جائے۔سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان میں مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔پی ٹی آئی کی خواتین قیدیوں کو آج کے دن رہا کیا جائے اور خواتین قیدیوں کی رہائی کے معاملے کو بھی قرارداد میں شامل کیا جائے۔