اورکزئی: 29 اکتوبر کو دہشت گردوں نے ڈبوری بادان گاوں میں پولیو کی ٹیم پر حملہ کیا، جس کے بعد فرنٹیئر کور اور پولیس نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی، کارروائی کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ تاہم اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ میں مقامی پولیس اہلکار عبدالصمد شہید ہو گئے۔
اورکزئی میں دہشت گردوں کو مارنے کی خوشی میں عوام نے سیکورٹی فورسز اور پولیس کے حق میں نعرے لگائے اور فرنٹیئر کور نارتھ کے نوجوانوں کو کاندھوں پر اٹھا لیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد نہ صرف عوام کو اپنی بربریت کا نشانہ بناتے ہیں بلکہ ہر وہ کام جو عوام کی ترقی کا باعث ہو اس میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔ لیکن پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کبھی بھی ان کو اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حق میں نعرے لگانا دراصل اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ دہشت گرد اور ان کی سہولت کاروں سے تنگ آچکے ہیں اور دہشتگردی کے اس جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہے۔