قلات کے علاقہ توغہ چھپر میں نامعلوم مسلح افراد کی جاب سے لیویز چوکی پر فائرنگ کی گئی ، فائرنگ سے لیویز کا ایک اہلکار علی نواز شہید جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات میں طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیاگیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے ۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ لیویز جوانوں کی جوابی کارروائی سے مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویزفورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں لیویز پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور حملے میں جاں بحق ہونے والے اہلکار علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیر اعظم نے جاں بحق اہلکار کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے دشمن ہیں، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، لیویز اہلکار نے وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، وطن کے امن کی خاطر جان قربان کرنے والے علی نواز شہید کو سلام پیش کرتے ہیں۔
دوسری جانب سوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لیویز پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور جاں بحق لیویز اہلکار علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا، محسن نقوی نے شہید لیویز اہلکار علی نواز کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی ہونے والے 2 لیویز اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔