اسلام آباد: (سیارعلی شاہ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا ، عشائیہ میں چیئرمین سینیٹ، گورنر خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت وزیراعلیٰ بلوچستان بھی شریک ہوئے۔
عشایئے میں صدر اے این پی، وفاقی وزیر چودھری سالک حسین ،سابق نگران وزیراعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبد العلیم خان سمیت ملکی اعلیٰ سیاسی قیادت شریک تھی ۔
اس موقع پر صدر ِمملکت کا کہنا تھا کہ پارلیمانی جمہوریت مزید مضبوط کرنے، سیاسی استحکام فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ملک کو سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نکالنے کیلئے سیاسی اتحاد ضروری ہے۔
صدر ِمملکت نے رواداری ،باہمی احترام کو فروغ دینے اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے ، معاشی خوشحالی کیلئے سیاسی، معاشی اور گورننس کے اصلاحات ناگزیر ہیں۔
صدر زرداری نے کا کہنا تھا کہ وہ ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ نے استحکام اور عوامی ریلیف کیلئے مختلف تجاویز بھی دیں۔
شرکا نے قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں صدر مملکت کی سیاسی دانشمندی اور وژن کو بھی سراہا۔