آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور ہم دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔
رسالپور میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان ایئرفورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار رائے کی حدود متعین ہیں، آزادی رائے کی قیود کی برملا پامالی کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھاسکتے ہیں۔جنرل عاصم منیر نے پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا کہ آپ سب ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ، اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں۔ہم توقع کرتے ہے کہ آپ کردار، ہمت، قابلیت کی خوبیوں سےمزین زندگی گزاریں گے اور آپ کا طرز عمل قابل احترام ادارے کیلئے بھی غیرمعمولی ہوگا۔
آرمی چیف نے کہا کہ توقع ہے آپ بہادری کی لازوال روایت اور تاریخ کو قائم رکھیں گے، آپ پاکستان کے دفاع، عزت اور وقارکیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے، توقع کرتے ہے کہ آپ بہترین جذبہ اورپیشہ ورانہ مہارت کوبرقرار رکھیں گے۔ آپ ہمیشہ ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں اور آپ کو جوذمہ داری سونپی جارہی ہے آپ ہمیشہ اس کیلئے پرعزم رہیں۔نواجوان آفیسرز سے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمیشہ اس کو یادر کھیں کہ حق طاقت ہےجبکہ باطل کبھی طاقتورنہیں ہوسکتا، راشد منہاس، سرفرازرفیقی، ایم ایم عالم نے وطن کے وقار، تحفظ کیلئے زندگیاں پیش کیں، آپ راشدمنہاس، سرفراز رفیقی اور ایم ایم عالم جیسے بنیں۔
مزید آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اسلحے کی دوڑ کی وجہ سے ہمارے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا امکان ہے، مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم وکرم پر ہوتا ہے۔ ہرطرح کی مشکلات میں پاک فضائیہ نے فضائی حدود کی نگرانی کی، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے اور فروری2019ء میں فضائی نگرانی کی بڑی مثال سب کے سامنے ہے۔
جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ تازہ ترین مثال ہے کہ جنگیں کیا کیا مصائب اور مشکالات لاسکتی ہیں، غزہ میں اندھا دھندقتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہاہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر بھی اپنا ناجائز قبضہ کر رکھاہے، بھارتی جارحیت پردنیاکی خاموشی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔یاد رہے کہ پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ فوجی بینڈ نے مارچ پاسٹ پر دلوں کو گرما دینے والی دھنیں بکھیریں۔ آرمی چیف اور ائیر چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ چیمپئن اسکواڈرن کو قائد اعظم بینر عطا کیا گیا ہیں۔ تمام کیڈٹس نے وطن عزیز سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔ پاک فضائیہ طیاروں کی شاندار فلائی پاسٹ توجہ کا مرکز رہی ہے۔