آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کو چمپئن بنانے کے ساتھ ہی بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹی-20 انٹرنیشنل سے اپنی ریٹائرمنٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر کی طرف سے روہت شرما کے کئے گئے اس فیصلے کو خوب سراہا جارہا ہے، لیکن روہت شرما کے جانے کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی کی قیادت کون سنبھالے گا، اس حوالے سے وریندر سہواگ کا اہم پیغام سامنے آگیا ہے۔سابق جارح مزاج بلے باز وریندر سہواگ نے زمبابوے کے خلاف آئندہ ٹی-20 سیریز کے لیے بھارتی نوجوان شبھمن گل کو کپتان مقرر کرنے سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کے فیصلے کی حمایت کردی ہے۔
وریندر سہواگ کے مطابق روہت شرما کی جگہ اب شبھمن کو ہی کپتانی کرنی جاہے۔اس بیان کے بعد یہ بات بالکل واضح ہوگئی ہے کہ سہواگ نے اب اگلے کپتان کے لئے ہاردک پانڈیا کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔سہواگ کے مطابق شبھمن گل طویل عرصے تک ٹیم کے کپتان بنے رہیں گے۔وہ تینوں فارمیٹ کو کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔انہوں نے گزشتہ سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سے ہی روہت شرما کو ہر جانب سے مبارکبادیں مل رہی ہیں۔