تحریک انصاف سے نکالے جانے والے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کی طرح مجھے کیوں نکالا کا نعرہ بلند کردیا ۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس کے دوران شیر افضل مروت کی اسمبلی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا ۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سپیکر نے موبائل کمپنیوں کے ضم ہونے پر ضمنی سوال کرنے کا کہا تو شیر افضل مروت نے کہا کہ میرا سوال تو ابھی صرف اپنے لوگوں سے ہے کہ مجھے کیوں نکالا ہے ۔
شیر افضل مروت کے مختصر نکتہ اعتراض پر حکومتی ارکان نے قہقہے لگائے لیکن پی ٹی آئی اراکین خاموش رہے ۔
واضح رہے کہ شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکالنے پر گزشتہ روز نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا ، جس پر انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر موجود ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’میرے ساتھ پی ٹی آئی کے ان افراد نے ناانصافی کی ہے جو مجھے شروع سے ناپسند کرتے تھے، میرا ایسے لوگوں سے جھگڑا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن میں ایسے اذیت دینے والوں کے سامنے کبھی نہیں جھکوں گا۔‘