امریکا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما پاکستان کی فوجی امداد انسانی حقوق سے مشروط کرانے کے لیے بھی سرگرم ہوگئے۔ پی ٹی آئی امریکا کے رہنماؤں نےکانگریس مین گریگ کیسار سے امریکی کانگریس میں پاکستان سے متعلق قرار داد لانےکی مدد مانگ لی۔ امریکا کے شہر آسٹن میں پی ٹی آئی امریکا کے صدر عاطف خان نے وفد کے ہمراہ گریگ کیسار سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی فوجی امداد انسانی حقوق سے مشروط کرانےکے لیے بھی مدد مانگی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی امریکا کے صدر عاطف خان کا کہنا تھا کہ کانگریس کے 86 ممبران نے ہماری پٹیشن پر دستخط کیے ہیں، ہم چاہتے ہیں آپ بھی اس کا حصہ بنیں۔
گریگ کیسار کا کہنا تھا کہ آپ مجھ پر انحصار کرسکتےہیں، میں کانگریس میں سوال اٹھاؤں گا کہ امریکا کیسے پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوال اٹھاسکتا ہے۔ ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی کے فوکل پرسن برائے امریکا سجاد برکی بھی موجود تھے جنہوں نے اس ملاقات اور بات چیت کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر بھی کی ہے۔