پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے حکومت سے بات چیت پر رضا مندی کا اظہار کرتے ہوئے بات چیت کے لیے ملاقات کی تاریخ اور مقام بتانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان مذاکرات کی حمایت کر چکے ہیں ، اعظم نذیر تارڑ بھی روز بیان دے رہے ہیں کہ مل کر بیٹھیں اور مسائل حل کریں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بات چیت کا کہا ہے ، حکومت ایک قدم آگے بڑھے ، بات چیت کے عمل کو بیان سے آگے بڑھائے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ایک بار پھر سب سے بات چیت اور مذاکرات کے لیے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کیلئے کسی سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔ عمران خان نے مزید لکھا کہ پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کے لیے میں کسی قربانی سے گریز نہیں کروں گا، اس ضمن میں کسی سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہوں اور اس جانب میں ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہوں۔