Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خواتین کے تحفظ حق جائیداد کا بل منظور

0 128

خیبرپختونخوا اسمبلی نے خواتین کو وراثتی حق کے تحفظ اور نادار افراد کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے دو الگ الگ بل منظور کر لیے۔

صوبائی اسمبلی میں خیبر پختونخوا انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2019 اور نادار افراد کے لیے لیگل ایڈ ایکٹ 2019 کے بل منظور کیے گئے۔ ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ کے تحت خواتین کو جائیداد کی ملکیت کا حق ہوگا اور یہ قانون خواتین کو اس حوالے سے ہراساں کرنے، دباؤ ڈالنے، فراڈ یا جبر اور اس طرح کے دیگر اقدامات کے ذریعے خلاف ورزی سے روکنے کو یقینی بناتا ہے۔

صوبے بھر میں نافذ ہونے والے اس نئے قانون کے مطابق خواتین کی وراثتی ملکیت پر قابض متعلقہ حق دار کو منافع دینے کا پابند ہوگا۔ویمن پراپرٹی رائٹس بل کے تحت صوبائی خاتون محتسب کے اختیارات میں اضافہ کردیا گیا ہے جو خواتین کو وراثتی حق دلانے میں ڈپٹی کمشنر سے لے کر صوبے کے دیگر اعلیٰ افسران کو احکامات دینے کی مجاذ ہوگی۔

وراثت حقوق سے متعلق بل میں عوام کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی دیگر شہری کے لیے صوبائی محتسب کے پاس شکایت کر سکتا ہے۔ کے پی اسمبلی میں صوبے کے غریب شہریوں اور بالخصوص خواتین کو مفت قانونی معاونت دینے سے متعلق لیگل ایڈ ایجنسی بل بھی منظور کرلیا گیا۔ لیگل ایڈ قانون کے تحت نادار افراد اور خواتین کو جائیداد، جہیز، طلاق اور خاندانی جھگڑوں سمیت دیگر مسائل میں مفت قانونی معاونت دی جائے گی۔

صوبائی اسمبلی سے منظور شدہ بل کے مطابق خواتین کو دیوانی اور فوجداری دونوں مقدمات میں وکلا کی خدمات مفت فراہم کی جائیں گی اور مقدمات کی پیروی کی استطاعت نہ رکھنے والے مردوں کو صرف سول مقدمات میں وکلا کی خدمات حاصل ہوں گی۔

اسمبلی اجلاس میں گھریلو تشدد سے متعلق بل بھی پیش کیا گیا، جس میں اپوزیشن کی جانب سے دی گئی تجاویز اور ترامیم کا جائزہ لینے کے لیے بل کو سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.