اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تقریباً 18 ارب روپے تک کا پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کوئی غریب مہنگائی کی وجہ سے تنگ نہ ہو جب کہ وہ دو دن قبل کابینہ اجلاس میں مہنگائی سے متعلق اہم فیصلوں اور اعلانات کا عندیہ دے چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور کابینہ کو سرمایہ کاری پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترمیم کی سمری پیش کی جائے گی جب کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین کی تقرری بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔