Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پنجاب اور کے پی: ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جب کہ حکومتی اقدامات تاحال اس حوالے سے زیادہ کارگر و مؤثر ثابت نہیں ہورہے ہیں۔ وفاقی سیکریٹری صحت نے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حکومتی اقدامات مؤثر ثابت ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ڈینگی کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی آرہی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 204 نئے مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا ہے۔ رواں برس ڈینگی سے دس افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 140 نئے مریضوں کو داخل کیا گیا ہے جب کہ اٹک و جہلم سے دو دو اور نارووال و اوکاڑہ سے ایک ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سرگودھا سے چار، بھکر سے دو اور بہاولپور سے بھی دو نئے مریضوں کا اسپتالوں میں اندراج کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق فیصل آباد سے چار، ٹوبہ ٹیک سنگھ و سرگودھا سے ایک ایک، گوجرانولہ سے دو، حافظ آباد سے تین، سیالکوٹ سے تین، منڈی بہاؤالدین سے پانچ اور میانوالی سے ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چار ہزار 708 ہوگئی ہے۔ صوبے کے مختلف اسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 نئے مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پشاور سے چار،ہری پور و نوشہرہ سے 9/9، اور مانسہرہ سے چھ نئے مریضوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ پشاورکے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی سے متاثرہ 2120 مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.