Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 1081 تک جا پہنچی

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی جب کہ ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 1081 تک جا پہنچی ہے۔ گزشتہ روز کی صورتحال بدھ کے روز پاکستان میں کورونا وائرس سے آٹھویں ہلاکت ہوئی جہاں راولپنڈی میں زیر علاج خاتون انتقال کرگئی

0 538

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی جب کہ ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 1081 تک جا پہنچی ہے۔

بدھ کے روز پاکستان میں کورونا وائرس سے آٹھویں ہلاکت ہوئی جہاں راولپنڈی میں زیر علاج خاتون انتقال کرگئی، خاتون بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں اور 21 مارچ سے زیر علاج تھیں۔خاتون کے انتقال سے پنجاب میں کورونا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جب کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور  سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

بدھ کو ملک میں مجموعی طور پر 87 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 43، پنجاب میں 27، بلوچستان میں 9، گلگت میں 4، سندھ میں 3 اور اسلام آباد میں ایک شخص میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

پاکستان  میں مہلک وائرس سے اب تک 22 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

آج بروز جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔سرکاری پورٹل پر 4 کیسز میں اضافے کے بعد اسلام آباد میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

پنجاب

بدھ کے روز ملک کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہوئی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔پنڈی میں خاتون کی ہلاکت کے بعد ملک میں اب تک مہلک وائرس 8 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے میو اسپتال میں ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔دوسری جانب صوبے میں بدھ کو 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 323 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 43 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔گزشتہ روز خیبرپختونخوا کی تحصیل منگا میں 39 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تحصیل میں کرفیو نافذ کرکے فوج تعینات کردی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے مریض کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا۔خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 3 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

سندھ میں بدھ کو صرف 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 413 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی وزارت صحت کی ترجمان کے مطابق بدھ کے روز کراچی میں مزید 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 146 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہے۔ترجمان کے مطابق صوبے میں 14 افراد مہلک وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں بدھ کو کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 119 ہوگئی ہے۔چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے 119 کیسز ہوگئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے 4 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 84 ہوگئی ہے۔مشیر اطلاعات شمس میر کے مطابق 4 نئے کیسز میں 3 مریضوں کا تعلق اسکردو سے ہے جبکہ گلگت میں مزید 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.