Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اب صوبے بھر میں طالبات کو عبایا پہننا ہو گا۔ مشیر خیبرپختونخوا حکومت

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر ضیاء بنگش نے کہا ہےکہ ہری پور میں طالبات کے عبایا پہننے کو لازمی قرار دینے کے بعد اب صوبے بھر میں اس فیصلے پر عملدرآمد کرائیں گے۔ ضلع ہری پور میں گزشتہ ہفتے محکمہ ایجوکیشن کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کی جانب سے ایک سرکلر جاری کیا گیا جس میں اسکول کی طالبات کے لیے عبایا کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سرکلر میں کہا گیاہے کہ لڑکیاں کسی بھی غیر اخلاقی حرکت سے بچنے کے لیے عبایا پہنیں، چادر یا گاؤن پہنیں، بچیوں سے چھڑ چھاڑ اور ہراسانی کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر یہ اقدام ضروری تھا۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر ضیاء بنگش نے کہا کہ ’اس سرکلر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، محکمہ ایجوکیشن میں سب کو پورے اختیارات دیے ہوئے ہیں جو بہتری لاسکتے ہیں ان کو کام کرنے کی اجازت ہے، کچھ اضلاع میں ہراسانی کے واقعات ہوئے جس پر ڈی اوز کو کہا تھا اس پر کام کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’لڑکیوں کے اسکولوں کے اندر کوئی پابندی نہیں، یہ فیصلہ اسکول سے گھر سے اور گھر سے اسکول تک کے لیے کیا تاکہ طالبات جب گھر سے اسکول تک آئیں تو مکمل کور ہوں اور عبایا لیں، ان پر سر سے پاؤں تک چادر ہو‘۔

صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے صوبے اور ملک کی روایات ہیں ہم اس کو بھی دیکھ رہے ہیں، اپنے کلچر اور دین کو دیکھ کر فیصلے کرتے ہیں، اب اس فیصلے کو صوبے بھر میں عملدرآمد کرنے جارہے ہیں، ڈی او کے اس فیصلے کو سراہتا ہوں، ہم نے جو فیصلے کیے اس پر پہلا قدم ہری پور کی ڈی او نے اٹھایا، باقی ڈی اوز کو بھی کہا ہےکہ اس کو باقی صوبے میں بھی پھیلائیں‘۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.