Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سری لنکا دھماکے، 13افراد گرفتار, کرفیواٹھالیاگیا

سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام میں اب تک 13 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 290 افراد ہلاک جبکہ 500 افراد زخمی ہوگئے تھے، دھماکوں میں مسیحی عبادت گاہوں (گرجا گھروں) اور ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

سری لنکن حکام نے بم دھماکوں کے بعد لگایا جانے والا کرفیو پیر کی صبح اٹھالیا تاہم اب تک کسی بھی گروہ یا تنظیم نے ان منظم دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

دھماکوں کے بعد مذہب کی بنیاد پر فسادات کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا پولیس کے مطابق اتوار کی رات کو شمال مغربی علاقے میں ایک مسجد پر پیٹرول بم حملہ کیا گیا جبکہ مسلمان افراد کی 2 دکانوں کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی گئی۔

دوسری جانب سری لنکن وزیراعظم رانیل وکراماسنگھے نے اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت کو پہلے ہی ایک غیر معروف مسلمان گروہ کی جانب سے مسیحی عبادت گاہوں پر متوقع حملے کی اطلاع مل گئی تھی لیکن ان کے وزرا نے انہیں اس بارے میں آگاہ نہیں کیا۔

پولیس ذرائع نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کولمبو میں 2 مقامات سے اب تک 13 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہ بتاتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ایک ہی گروہ سے ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 8 میں سے کم از کم 2 دھماکے خودکش تھے جبکہ ایک مکان پر چھاپہ مار کر دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے کی کوشش میں بھی 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 بھارتی، 3 برطانوی، 2 ترکی اور ایک پرتگال کا شہری بھی شامل ہے اس کے علاوہ مرنے والے افراد میں 2 کے پاس برطانیہ اور امریکا دونوں ممالک کا پاسپورٹ تھا۔

اس کے علاوہ سری لنکن دفتر خارجہ کے حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ 9 غیر ملکی افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے تاہم 25 ایسے افراد کی لاشیں بھی موجود ہیں جن کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی اور ممکنہ طور پر وہ غیر ملکی ہیں۔

اس ضمن میں پولیس ترجمان روان گناسیکرا نے بتایا کہ پولیس اس حوالے سے تحقیقات کررہی ہے کہ آیا تمام دھماکوں کی نوعیت خود کش تھی یا نہیں۔

قبل ازیں سری لنکن حکومت کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ دھماکوں میں غیر ملکی عناصر کے ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.