Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

منشیات کیس: رانا ثنااللہ کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ صوبائی دارالحکومت کی عدالت عالیہ میں جسٹس چوہدری مشتاق احمد نے رانا ثنااللہ کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے منشیات برآمدگی کیس میں 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے کے عوض رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز رانا ثنا اللہ کے وکلا اور انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کے پراسیکیوٹر نے مذکورہ درخواست پر دلائل دیے تھے، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

خیال ریے کہ 20 نومبر کو منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا اللہ نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور اپنی درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ حکومت کے خلاف تنقید کرنے پر منشیات اسمگلنگ کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔

مذکورہ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ معاملے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تاخیر سے درج کی گئی جو مقدمے کو مشکوک ثابت کرتی ہے جبکہ ایف آئی آر میں 21 کلو گرام ہیروئن اسمگلنگ کا لکھا گیا جبکہ بعد میں اس کا وزن 15 کلو گرام ظاہر کیا گیا۔

ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے یہ استدعا کی کہ منشیات اسمگلنگ کیس میں ان کی ضمانت منظور کرکے رہائی کا حکم دیا جائے۔

اس درخواست پر گزشتہ سماعت کے دوران رانا ثنااللہ کے وکیل ایڈووکیٹ ناظم تارڑ نے درخواست ضمانت پر دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف سیاسی بنیادوں پر جھوٹا کیس بنایا گیا کیونکہ وہ حکومت پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں۔

درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے ایک پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ نئے موقف کی بنیاد پر دوسری درخواست ضمانت دائر نہیں کی جاسکتی۔ پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا تھا کہ رانا ثنااللہ کا جرم ناقابلِ ضمانت ہے اور انہوں نے ہیروئن کی ریکوری کے علاوہ ایف آئی آر میں شامل تمام واقعات کا اعتراف کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر لاہور ہائی کورٹ ہدایت جاری کرے تو ایک ماہ کے اندر ٹرائل مکمل کیا جاسکتا ہے۔

پراسیکیوٹر نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر درخواست گزار ( رانا ثنااللہ) بے قصور پائے گئے تو انہیں ٹرائل میں رہا کردیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو انسداد منشیات فورس نے یکم جولائی 2019 کو گرفتار کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.