Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

حکومت کا مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ان کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی اور سینئر وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ’ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام شامل کرنے سے متعلق قوانین حکومت کو مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت نہیں دیتے‘۔

بابر اعوان نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ای سی ایل کیسز سے متعلق وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کی درخواست مسترد کردی۔

انہوں نے کہا کہ ’اصل میں یہ ذیلی کمیٹی کابینہ کا حصہ ہے اور مریم نواز کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہ دینے سے متعلق باقاعدہ اعلان وفاقی کابینہ کی جانب سے کل (24 دسمبر کو) کیا جائے گا‘۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مریم نواز کو عدلیہ کی جانب سے بیرون ملک سفر کی اجازت ملنے کی صورت میں عدالت کا فیصلہ چیلنج کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا ’ مریم نواز کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے حکومتی فیصلے پر کسی کو حیرت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنانے کی کوشش کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.