Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نیوزی لینڈ: مساجد پر حملہ کرنے والا دہشت گرد عدالت میں پیش کر دیا گیا

نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرنے والے دائیں بازوں کے انتہا پسند برینٹن ٹیرنٹ کو عدالت میں پیش کیا جہاں ملزم پر قتل کا الزام عائد کردیا گیا۔ آسٹریلوی نژاد 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کو ہتھکڑی لگاکر قیدیوں کے لباس میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں جج کی جانب سے اس کے خلاف قتل کا الزام پڑھ کر سنایا گیا جبکہ ملزم پر مزید الزامات بھی لگائے جانے کا امکان ہے۔ سابق فٹنس انسٹرکٹر کے خلاف سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں میڈیا موجود تھا لیکن سیکیورٹی وجوہات کے باعث عوام کو اس سے دور رکھا گیا تھا۔  پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں برینٹن ٹیرنٹ اوپر نیچے ’اوکے‘ کا اشارہ کرتا رہا، جو دنیا بھر میں سفید فارم گروپس کی جانب سے علامت کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ حملہ آور کی جانب سے ضمانت کی کوئی درخواست نہیں کی گئی اور وہ 5 اپریل کی اگلی سماعت تک حراست میں رہے گا۔

اس کے علاوہ 2 مزید افراد بھی حراست میں ہیں، اگرچہ ان کا حملے سے تعلق واضح نہیں لیکن 18 سالہ ایک شخص ڈینیل بررو پر قتل کے لیے اکسانے کا الزام لگایا گیا ہے، ساتھ ہی ایک اور شخص جسے پہلے گرفتار کیا گیا تھا وہ شہری تھا جو آتشی اسلحہ لے کر مدد کے لیے آیا تھا۔

اس واقعے میں زخمی ہونے والے 39 افراد کو گولی سے آنے والے زخم اور دیگر زخموں کا علاج کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں میں 2 سالہ لڑکا اور 4 سالہ لڑکی بھی شامل ہیں، جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے النور اور لنووڈ مساجد پر حملے کو دہشت گردی قرار دیا تھا اور ان کے خیال میں یہ جدید دور میں مغرب میں مسلمانوں کے خلاف بدترین حملہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.