Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: پاکستان میں 237 افراد میں بیماری کی تصدیق

پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 53 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 237 ہوگئی۔آج پنجاب سے 24، تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں مزید 15، کراچی میں 7، بلوچستان میں 6 اور خیبرپختونخوا میں ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی۔ 

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے آج مزید 22 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 172 ہوگئی ہے۔  تفتان سے سکھر پہنچنے والے مزید 15 زائرین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد اب متاثرہ زائرین کی تعداد 134 ہوگئی ہے۔  کراچی میں بھی مزید 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے  جبکہ ایک متاثرہ شخص کا تعلق حیدر آباد سے ہے جس کی گزشتہ روز ہی تصدیق ہوئی تھی۔

 پنجاب

ملک کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے پنجاب میں مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ میں 736 زائرین سمیت تمام مشتبہ مریضوں کو چیک کیا جارہا ہے جبکہ تفتان سے آنیوالے 1276 زائرین کو بھی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ اس سے قبل ایک کیس کی لاہور اور ایک کی ملتان میں تصدیق ہوئی تھی۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی آج کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی تعداد 16 ہوگئی اور نئے کیسز میں کوئٹہ اور اندرون ملک کے زائرین شامل ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان میں مہلک وائرس کے 10 کیسز سامنے آئے تھے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں بھی آج کورونا وائرس کے مزید ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔  صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ مانسہرہ کے شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرہ شہری چند روز قبل برطانیہ سے وطن واپس لوٹا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص نے گھر میں خود کو الگ تھلگ رکھا تھا اور اُس میں کورونا وائرس کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

حکومت سندھ نے کورونا وائرس پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، اگر یہ وائرس پھیل گیا تو اسپتال کم پڑجائیں گے۔ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیےساحل سمندر اور پبلک پارکس کو بھی 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.