Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان کی بھارتی جوہری پالیسی میں تبدیلی کے اشارے کی مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے بھارت کی جوہری ہتھیاروں کو پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی کو تبدیل کرنے کے اشارے کو غیر ذمہ دارانہ اور بدقسمتی قرار دیا اور کم سے کم قابل یقین دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے پر زور دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر باضابطہ ردِ عمل دیتے ہوئے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’بھارتی وزیر دفاع کے بیان کا لب لباب اور وقت انتہائی غلط اور بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویے کا عکاس ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان نے جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی بھارتی پالیسی کو مزید آشکار کردیا ہے جس پر پاکستان نے کبھی اعتبار نہیں کیا۔

خیال رہے کہ راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کے الحاق کے بعد دونوں حریف ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیشِ نظر ایک خط کے ذریعے بھارتی این ایف یو پالیسی میں تبدیلی کی قیاس آرائیوں کو ایک مرتبہ پھر موضوع بحث بنادیا۔

اپنے خط میں بھارتی وزیر دفاع نے لکھا تھا کہ ’پوکھران وہ مقام ہے جس نے اٹل جی (اٹل بہاری واجپائی) کے بھارت کو جوہری طاقت بنانے کے پختہ ارادے کا مشاہدہ کیا تھا اور بھارت اب تک (جوہری ہتھیاروں کو ) پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے تاہم مستقبل میں کیا ہوگا اس کا انحصار حالات پر ہے‘۔

واضح رہے کہ این ایف یو پالیسی کا مطلب وہ عہد ہے جو جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاست کرتی ہے کہ ان کا استعمال صرف جوہری حملے کے ردِ عمل کے طور پر کیا جائے گا تا ہم پاکستان کو ہمیشہ بھارت کی این ایف یو پالیسی کے حوالے سے شکوک و شبہات رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.