Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ, فی کلو آٹا 70 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے

ملک کے مختلف شہروں میں گندم کا بحران برقرار ہے اور پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

کراچی، حیدرآباد، لاہور  اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹا 70 روپے میں ہی فروخت کیا جارہا ہے جب کہ پشاور میں 2 ماہ قبل 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 780 روپے تھی جو اب 1100 روپے تک ریکارڈ سطح تک جا پہنچی ہے۔ کوئٹہ میں بھی آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد آٹا فی کلو 59 روپے اور 20 کلو کا تھیلہ 1180 روپےتک پہنچ گیا ہے جب کہ کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلےکی قیمت ایک ہزار روپے مقرر  ہے۔

دوسری جانب چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق فلور ملز کو گندم کی فراہمی شروع کردی گئی ہے جس کے بعد آٹے کی فراہمی اور قیمت ایک ہفتے میں معمول پر آجائے گی۔  آٹا ڈیلرز نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار حکومتی وزراء اور بااثر شخصیات کو  ٹھہرایا ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ آٹا مہنگا ہو یا سستا، دکانداروں نے تو ہر صورت میں 20، 40 روپے کمانے ہوتے ہیں، اصل منافع خور تو بااثر شخصیات ہیں۔

 پشاور میں نانبائی ایسوسی ایشن کی کال پر ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے جس کی وجہ سے شہر میں تندور بند ہیں۔  نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ آٹے کی زیادہ قیمتوں سے شہری پہلے ہی  پریشان ہیں اور نانبائیوں کی ہڑتال نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے جس کے باعث سندھ، خیبرپختونخو اور پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا اور اس کی قلت بھی پیدا ہوگئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.