Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوئی بات نہیں کی، عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوئی بات نہیں کی۔ ایکسٹینشن کی بات فوری انتخابات تک مشروط ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں صحافیوں سے گفتگو کی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فوری الیکشن کا اعلان کریں ۔ نئی حکومت کے انتخاب تک آرمی چیف کی تعیناتی موخر کی جائے۔ چند لوگوں نے اپنے مفادات کی خاطر ملکی سلامتی کو دا ؤ پر لگایا ہوا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ میں ان لوگوں کے نام بھی بتا دوں۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو آخری کال دینے کا معاملہ ستمبر سے آگے نہیں جائے گا۔ یہ مجھے اس سٹیج پر دھکیل رہے ہیں کہ میں کال دوں گا۔ میں نے پاکستان کیلئے بات کی ہے۔ جو ادارہ ملکی مفاد کے ساتھ ہے میں اسکے ساتھ کھڑا ہوں۔ انکو سمجھ نہیں آرہی کہ میرے اِن سوئنگ یارکر کو کیسے کھیلیں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ85سیٹوں والا مفرور کیسے آرمی چیف سلیکٹ کر سکتا ہے؟۔ اگر مخالفین الیکشن جیت جاتے ہیں تو پھر سپہ سالار کا انتخاب کر لیں۔ مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔ آصف زرداری اور نہ نواز شریف میرٹ طے کرنے کے اہل ہیں۔ ان کی ترجیح میرٹ نہیں، اپنے پیسے بچانا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نئی حکومت کے منتخب ہونے تک آرمی چیف جنرل باجوہ کو توسیع دی جائے۔ پھر کہتا ہوں آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیے۔ وکلا نے بتایا جنرل باجوہ کی الیکشن تک تعیناتی کے لیے گنجائش نکالی جاسکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.