Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

امید ہے کہ سپریم کورٹ دبا میں نہیں آئے گی، فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پریس کانفرنس اپنا سامان باندھنے کا اعلان تھا۔ سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی ۔ امید ہے کہ سپریم کورٹ دبا میں نہیں آئے گی۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ دباؤ میں نہیں آئے گی ۔ کیونکہ بائیس کروڑ لوگ اس سے انصاف کی توقع کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت افسوس ہے کہ یہ مقدمہ لائیو دکھانے کی اجازت نہیں۔ اگر لائیو ہوتا تو ساری دنیا دیکھتی جج صاحبان نے انتہائی بدتمیزی اور بدتہذیبی کو برداشت کیا ۔ پی ڈی ایم کے وکیل کمزور دلائل کی وجہ سے بدتمیزی پر زور دیتے رہے ۔ یہ کیس انتہائی کمزور ہے صرف دباؤ ڈال کر کارروائی لمبی کرنے کی کوشش ہے۔
فواد چوہدری نے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو کس حیثیت سے وزیراعظم ہاوس میں بٹھایا گیا ۔ مریم نواز نے عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کی ۔ وہ ضمانت پر ہیں ان کی اپیل 3سال سے ختم نہیں ہوئی ۔ مریم کو جیل جانا چاہیے۔ ان کے والد اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ نواز شریف لندن کے تمام ریسٹورنٹ کی سیر کر رہے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ یہ لوگ سپریم کورٹ کو بلیک میل کرنا شروع ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے اپنے بالوں سے خط نکالا اور رولنگ دی۔ یہ بے شرم آدمی ہیں جو ملک سے فرار ہوگئے۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ پریس کانفرنس کرنے والوں کو ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے پریس کانفرنس کی ان کی حیثیت کیا ہے۔ جن کی اپنے حلقوں میں حیثیت نہیں انہیں اکٹھا کیا ہوا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھیوں کے ساتھ14سال سے جو سلوک کر رہی ہے ۔ وہ سب کے سامنے ہے۔ اس نے سندھ حکومت کے پیسے اسلام آباد میں لگائے۔ اس کا پنجاب سے تعلق کیا رہ گیا ہے۔ صرف 6سیٹیں ہیں ان کی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلم بھوتانی بے شرم آدمی ہیں ۔ جو مانتے ہیں کہ میں اسٹیبلشمنٹ کا چمچہ ہوں۔ بے شرمی کی تصویر لگانی ہو تو ان کی تصویر لگا دیں۔
فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا پنجاب سے تعلق کیا ہے۔ ان کی حیثیت کیا ہے۔ ان کے پنجاب میں5فیصد ووٹ بھی نہیں ۔ یکجا ہو کر بھی انہوں نے عمران خان سے شکست کھائی ہے ۔ انہیں جوتے کھا کر گھر جانے کی عادت ہے۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔11چہروں سے ملک کی جان چھوٹ رہی ہے۔ 11لوگوں نے اقتدار میں اب کبھی نہیں آنا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.