Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آئندہ بجٹ میں صارفین کے لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے مابین عملے کی سطح پر ہونے والے سمجھوتے کی تکیمل جمعے تک متوقع ہے جس میں دونوں فریقین 2 سال کے عرصے میں 700 ارب روپے کی ٹیکس میں دی گئی چھوٹ ختم کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔ ملاقات میں دونوں اطراف نے مالی سال 20-2019 کے لیے 11 ارب ڈالر کے مالیاتی خلا کو پر کرنے کے لیے بات چیت کی۔

سمجھوتے کے تحت حکومت مالی سال 20-2019 کے بجٹ میں مختلف مد میں دیے گئے ٹیکس استثنٰی کو ختم کرنے کا آغاز کرے گی جو تقریباً 350 ارب روپے کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ دونوں فریقین نے اس بات پر بھی رضا مندی کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بجٹ میں صارفین کے لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردے گا۔

اس کے علاوہ اس بات پر بھی سمجھوتہ طے پایا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو خودمختار بنایا جائے گا اور حکومت عوام کو سہولت فراہم کرنے والے مقبول فیصلوں کے لیے مداخلت کم سے کم کرے گی۔ اس ضمن میں ایک عہدیدار نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 200-100 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کرنے کے مطالبے پر بھی اتفاق رائے کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پالیسی ریٹ مرکزی بینک کی اعلان کردہ شرح سود ہے جسے پیسوں کے استعمال، دستیابی، لاگت اور کریڈٹ کو ریگولیٹ کرنے کے لیے مانیٹری پالیسی کے آلہ کار طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ دونوں فریقین نے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.