Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، انتشار کی اجازت نہیں دیں گے، وزیر دفاع

اسلام آباد : وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن کسی کو ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دیں گے۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو کی نیوز کانفرنس کے چند منٹ بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ’اگر اپوزیشن کا کوئی مسئلہ یا ایجنڈا ہے تو انہیں اپنے ساتھ لانا چاہیے ہم اس پر بات کرسکتے ہیں‘۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ’اگر اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا تشدد کے ذریعے انتشار پھیلانا ہے تو ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے‘۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی جانب سے ان کی سربراہی میں تشکیل کی جانے والی مذاکراتی کمیٹی میں 5 سے 6 سینئر ارکان شامل ہوں گے اور یہ جلد تشکیل دی جائے گی۔

تاہم وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ وہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو پیغام دیتے ہوئے معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کا کہا تھا کیونکہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مولانا صاحب کو بتایا کہ ہم پٹھان ہیں اور ہم جرگے کے ذریعے اپنے معاملات حل کرتے ہیں۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وہ آج (18 اکتوبر) سے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں تیزی لائیں گے۔

پرویز خٹک کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی)، پاکستان مسلم لیگ(ن)، عوامی نیشنل اور پشتون تحفظ موومنٹ سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کریں گے جنہوں نے ’ آزادی مارچ‘ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو انتشار سے بچانے کی ہرممکن کوشش کرے گی، ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ 27 اکتوبر سے قبل ان کی کوششوں کے ثمرات نظر آئیں گے۔ ایک سول کے جواب میں پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ ’مضحکہ خیز ‘ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.