Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 11 افراد جاں بحق، اموات کی مجموعی تعداد 196 ہوگئی

کوئٹہ(جابر شاہ) بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 196 تک پہنچ گئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جون سے اب تک صوبے میں پری مون سون اور مون سون بارشوں کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 196 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔مرنے والوں میں 96 مرد۔ 45 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں ۔ مختلف حادثات سے 81 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 19 ہزار 762 مکانات کو نقصان پہنچا۔ جن میں سے5 ہزار 107 مکانات منہدم اور 14 ہزار 660 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
اس کے ساتھ ساتھ سیلاب نے صوبے کے انفرااسٹرکچر کو بھی بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ سیلابی صورتحال کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں 18 پُلوں اور 690 کلو میٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ بارشوں کے باعث ایک لاکھ 7 ہزار 377 مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
ادھر بلوچستان کے علاقے غزہ بند میں سیلابی ریلا گاڑی کو بہا لے گیا۔ خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد سوار تھے۔ 5 لاشیں مل گئیں،ایک شخص کی تلاش جاری ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب3 روز گزر جانے کے باوجود بلوچستان کا کراچی سے زمینی راستہ بحال نہیں ہوسکا۔ آر سی ڈی روڈ اوتھل کے مقام پر لنڈا ندی پُل بہہ جانے کے بعد متبادل بنایا جانے والا راستہ بھی پانی کے ریلے میں بہہ گیا۔ جس کے باعث آر سی ڈی روڈ کے ذریعے بلوچستان کا زمینی راستہ سندھ سے منقطع ہوگیا تھا۔راستہ بند ہونے کے باعث متاثرہ مقام پر تین روز سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ جس میں مال بردار گاڑیاں اور مسافر گاڑیاں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.