Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بھارتی پائلٹ کی رہائی امن کی جانب بڑھنےکی پیشکش ہے.ملیحہ لودھی

پاکستان نے ہمیشہ امن قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، اب بھارت پر منحصر ہے کہ وہ کیا جواب دیتا ہے،مستقل مندوب

نیویارک۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نےکہاہےکہ وزیراعظم عمران کی جانب سےبھارتی پائلٹ کی رہائی بھارت کو امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے۔

اقوام متحدہ کےجنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کی چیف آف اسٹاف ماریا لوئیزا ریبیورو کوانٹرویو کےدوران ملیحہ لودھی نےخطے کی بدلتی صورتحال سےآگاہ کیا۔ملیحہ لودھی کاکہنا تھاکہ پاکستان نےہمیشہ امن قائم رکھنےکی ہرممکن کوشش کی ہے،اب بھارت پرمنحصرہےکہ وہ کیا جواب دیتا ہے۔

انہوں نےکہاکہ عالمی برادری اوراقوام متحدہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کےخواہاں ہیں اوراقوام عالم بھی پاکستان کی طرح برصغیر میں امن چاہتا ہے۔ان کاکہنا تھاکہ وزیراعظم کی جانب سےبھارتی پائلٹ کی رہائی امن کی جانب بڑھنےکی پیشکش ہے۔

واضح رہے کہ امریکا،ترکی اور سعودی عرب نےوزیراعظم عمران خان کی امن کی پیشکش کو قابل ستائش قراردیا ہے۔14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 45 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے،اس کے بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کردیا تھا۔

اس کےبعد26 فروری کو شب 3بجےسےساڑھےتین بجےکےقریب بھارت نےتین مختلف مقامات سےپاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی،جن میں سےدو مقامات سیالکوٹ، بہاولپور پرپاک فضائیہ نے ان کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تاہم آزاد کشمیر کی طرف سے بھارتی طیارے اندر کی طرف آئےجنہیں پاک فضائیہ کےطیاروں نےروکا جس پر بھارتی طیارے اپنے پے لوڈ (دھماکہ خیز مواد) گرا کر واپس بھاگ گئے۔

پاکستان نےاس واقعے کی شدید مذمت کی اور بھارت کو واضح پیغام دیا کہ اس اشتعال انگیزی کا پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر جواب دے گا،اب بھارت پاکستان کےسرپرائزکا انتظارکرے۔

بعد ازاں 27 فروری کی صبح پاک فضائیہ کےطیاروں نےلائن آف کنٹرول پرمقبوضہ کشمیر میں 6 ٹارگٹ کو انگیج کیا،فضائیہ نےاپنی حدود میں رہ کرہدف مقررکیے،پائلٹس نےٹارگٹ کو لاک کیا لیکن ٹارگٹ پرنہیں بلکہ محفوظ فاصلےاورکھلی جگہ پراسٹرائیک کی جس کا مقصد یہ بتانا تھاکہ پاکستان کےپاس جوابی صلاحیت موجود ہےلیکن پاکستان کو ایسا کام نہیں کرنا چاہتاجو اسےغیر ذمہ دار ثابت کرے۔

جب پاک فضائیہ نےہدف لےلیےتواس کےبعد بھارتی فضائیہ کے2 جہازایک بارپھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرکےپاکستان کی طرف آئے لیکن اس بارپاک فضائیہ تیارتھی جس نےدونوں بھارتی طیاروں کومارگرایا،ایک طیارہ آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیرکی حدود میں گرا۔

پاکستان حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے حراست میں لیا جس کا نام ونگ کمانڈر ‘ابھی نندن’ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.