Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خیبر پختونخوا حکومت نے 5 لاکھ  84 ہزار ایکڑ بنجر اراضی کو زیر کاشت لانے کا منصوبہ بنا لیا

خیبر پختونخوا حکومت نے پہلی فوڈ سیکیورٹی پالیسی تیار کرلی جس کے تحت 5 لاکھ  84 ہزار ایکڑ بنجر اراضی کو زیر کاشت لايا جائے گا۔ منصوبے کے لیے نئے ڈیم اور آبپاشی نظام پر 142 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ گندم، چاول، گنے اور خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے کے لیے 2 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ زیتون کی کاشت پر 5 ارب روپے خرچ ہوں گے جبکہ سبزیوں کی پیداوار میں اضافے پر 2 ارب روپے صرف کیے جائیں گے۔

نئی پالیسی میں دیہی علاقوں کی خواتین کے پراجیکٹس بھی شامل ہیں۔ خواتین کی کاشتکاری، مرغ بانی اور کاروباری شمولیت کو فروغ کے لیے 3 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ دیہی علاقوں میں ساڑھے 4 ہزار فیلڈ اسسٹنٹ کی بھرتی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ گوشت کی بہتر پیداوار کے لیے بچھڑا بچاؤ پروگرام پر 2 ارب روپے جبکہ جدید مذبح خانوں پر بھی 2 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ فشریز اور لائیو اسٹاک کے شعبے کے استحکام پر 3ارب روپے خرچ ہوں گے۔ اسکے ساتھ 5 ارب روپے بلا سود قرضوں جبکہ 5 ارب روپے کا آسان قرضوں کا کسان سہولت پروگرام شروع کیا جائے گا۔

زرعی بزنس کا فروغ، سیڈ انڈسٹری، فوڈ پراسسنگ یونٹ، مقامی زرعی مشینری کی تیاری، اہم زرعی پیداوار کی برآمدی صلاحیت میں اضافے، زرعی یونیورسٹی میں فوڈ سیکیورٹی کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس کا قیام اور ایگری بزنس ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی نئی پالیسی کا حصہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.