Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خیبر پختونخوا حکومت کا پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ ضابطہ کار کے تحت کھولنے کا فیصلہ

 خیبرپختونخوا حکومت نے پیر سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاق سے مشاورت کے بعد کیا ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کھولا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر ضابطہ کار تشکیل دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے جبکہ ایک ضلع کے اندرون یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کا فیصلہ بھی کمشنرز کریں گے۔

اجمل وزیر نے بتایا کہ ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنز کی حدود میں ہوں، ان کو کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہوگا جبکہ پیٹرول پمپ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے میں حجام کی دکانیں بھی ضابطہ کار کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے سیاحتی مقامات کھولنے کیلئے ضابطہ کار تیار کرلیے ہیں۔

اجمل وزیر نے عوام اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا غلط فائدہ نہ اٹھائیں اور لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ کورونا کا خطرہ ٹل چکا ہے، اب پہلے سے زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.