Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خیبر پختونخوا میں پولیو کے 3 نئے کیس سامنے آگئے

اسلام آباد: ملک میں پولیو کے مزید 5 کیسز سامنے آگئے جن میں صوبہ خیبر پختونخوا کے 3 اور صوبہ سندھ کے 2 کیسز شامل ہیں۔

ان نئے کیسز کے بعد ملک میں رواں سال سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 58 ہوگئی جو گزشتہ سال کے 12 کیسز کے مقابلے میں 383.33 فیصد زیادہ ہے۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ 2017 میں صرف 8 پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔

رواں سال کے تمام 58 پولیو کیسز میں سے 44 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے جب کہ سندھ اور پنجاب میں 5، 5 کیسز سامنے آئے اور بلوچستان میں 4 کیسز سامنے آئے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ، اسلام آباد کے پولیو وائرولوجی لیبارٹری کے حکام کا کہنا تھا کہ نئے کیسز کی تمام متاثرین لڑکیاں ہیں جن کو انسداد پولیو کی ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا سے سامنے آنے والے 3 کیسز کا تعلق بنوں، ہنگو اور شمالی وزیرستان سے ہے جبکہ سندھ کے دونوں کیسز کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔

خیبرپخونخوا میں سامنے آنے والے حالیہ پولیو کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘3 لڑکیاں معذور ہوگئی ہیں جن میں ہنگو سے تعلق رکھنے والی 18 ماہ کی بچی، شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی 30 ماہ کی بچی، بنوں سے تعلق رکھنے والی 18 ماہ کی بچی شامل ہے اور ان تینوں کو ایک مرتبہ بھی انسداد پولیو ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔

حیدرآباد کے کیسز کے حوالے سے حکام کا کہنا تھا کہ ایک لڑکی پولیو مہم کے دوران قطرے نہیں پی سکی تھی جبکہ دوسری لڑکی کو 3 مرتبہ پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے۔ رابطہ کیے جانے پر وزیر اعظم کے ترجمان برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے 5 نئے پولیو کیسز کی تصدیق کی۔ خیال رہے کہ یہ نئے پولیو کیسز ایسے وقت میں سامنے آئے جب گزشتہ روز ہی 4 ماہ بعد صوبائی سطح پر پولیو مہم کا اعلان کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.