Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

دورہ روس پر امریکہ کے معصومانہ سوال پر مودبانہ جواب دیا، شاہ محمود قریشی

پاکستان کا موقف جوں کا توں رہا اور کوئی دباؤ قبول نہیں کیا

اسلام آباد(جاوید اقبال بٹ) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روس کے دورے سے قبل امریکا کی جانب سے ایک اعلی سطح کا رابطہ کیا گیا تھا۔ پاکستان سے امریکا نے معصومانہ سوال کیا تو ہم نے مودبانہ جواب دے دیا۔ پاکستان کا موقف جوں کا توں رہا اور کوئی دباؤ قبول نہیں کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم روسی صدر کی دعوت پر روس گئے تھے۔ کسی بھی پاکستانی وزیر اعظم کا گزشتہ23سالوں میں پہلا دورہ روس تھا۔ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات ساڑھے 3 گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات میں پاک روس تعلقات اور توانائی کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خطے بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کے امن پر بات ہوئی۔ اسلاموفوبیا پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صدر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان، روس کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم سے روسی نائب وزیراعظم اور وزیر توانائی کی بھی ملاقات ہوئی۔ نارتھ ساتھ گیس پائپ لائن پر گفتگو ہوئی۔
ہم نے روس سے گیس کی خریداری پر بات چیت کی۔ گوادر میں ایل این جی ٹرمینل لگانے میں روس نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ ہم نے روس سے گیس کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی۔ ہمارا فوکس انرجی اور تجارت پر رہا۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور روسی تاجروں کے فورم سے بات چیت کی۔ روسی مسلمانوں کے وفد سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم نے دوسرے جنگ عظیم میں جانیں دینے والے گمنام روسی فوجیوں کی یاد گار پر حاضری دی، پھول رکھے۔ پاکستان نے تمام نشستوں میں روس کے ساتھ طویل مدت اور کثیر الجہتی تعاون پر توجہ مرکوز کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس کے ساتھ افغانستان کے حوالے سے سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔ افغانستان کے حوالے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقاتوں میں مارچ کے آخر میں چین میں مزید دو پاک روس ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا۔ مستقبل قریب میں پاک روس مشترکہ مقاصد کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا جائے گا۔ جنوبی ایشیا میں عدم توازن پر پاکستان کی تشویش پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.