Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ،دو پولیس اہلکار شہید

ڈی آئی جی پولیس فدا حسین شاہ نے واقعے کی تصدیق کردی

کوئٹہ(جابر شاہ) کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ ۔ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی آئی جی پولیس فدا حسین شاہ نے واقعے کی تصدیق کردی ۔ ڈی آئی جی کے مطابق شہر کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی ۔ اس کے نتیجے میں2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں میں سے ایک اے ایس آئی اور دوسرا کانسٹیبل تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں ۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ پولیس کی وین پر فائرنگ کی گئی ۔ تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہوا کہ مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی ۔ جب وہ مقامی ہوٹل میں کھانے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ۔ دہشت گردی کے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تخریبی عناصر صوبے میں امن خراب کرنا چاہتے ہیں ۔ لیکن امن و امان کی صورت حال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اپنی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کو ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔وزیراعلی بلوچستان نے علاقے کی سیکیورٹی مزید موثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز سینئر پولیس افسر محسن حسن بٹ کو بلوچستان کا آئی جی مقرر کردیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.