Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات ڈی جی اینٹی کرپشن کے سپرد

زلفی بخاری نے عہدہ چھوڑ‌ دیا، جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری ڈی جی اینٹی کرپشن کو سونپ دی گئی۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ نے ڈی جی اینٹی کرپشن کوراولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے وسیع البنیاد کمیٹی تشکیل دینےکاحکم دیا اور جامع انکوائری رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ وزیراعلیٰ نے انکوائری کمیٹی میں متعلقہ ماہرین کو شامل کرنےکی بھی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

یاد رہے راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا تھا، انکوائری میں بتایا گیا کہ سابق کمشنر محمد محمود نے رنگ روڈ کی سمت میں غیر قانونی تبدیلی کرائی اور کنسلٹنٹس کی ملی بھگت کے ساتھ رنگ روڈ کی سمت تبدیلی کے لیے غیر قانونی طور پر بولیوں کا اشتہار دیا ، محمد محمود، سابق ایل اے سی وسیم تابش، سابق افسر عبداللہ بے قاعدگیوں میں ملوث پائے گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں مجاز افسران نے اختیارات سے تجاوز کیا اور فنڈز میں خوردبرد کی، رنگ روڈ میں بے قاعدگیوں کا مقصد رینٹل سنڈیکیٹ کو فائدہ پہنچانا تھا، تینوں افسران نے رینٹل کا اپنا سنڈیکیٹ بھی بنا رکھا تھا، ملزمان نے رنگ روڈ منصوبے کی آڑ میں رئیل اسٹیٹ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرایا جبکہ ملزمان کے ساتھ موجودہ اور سابق سرکاری افسران بھی ملوث نکلے۔

ذرائع کے مطابق کہ تینوں افسران کے خلاف کارروائی کے لیے کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیج دیا گیا ہے، نیب منصوبے میں 2 ارب 30 کروڑ کے گھپلوں کی انکوائری کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.