مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ گندم بحران کے ذمہ داران اس وقت پنجاب اور اسلام آباد میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں۔
پنجاب میں گندم کے بحران پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں اندھیر نگری مچی ہوئی ہے، کسانوں کو سلاخوں کے پیچھے رکھا ہوا ہے۔جبکہ اس کے برعکس گندم بحران کے ذمہ داران اس وقت پنجاب اور اسلام آباد میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں۔اس حوالے سے بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ گوالمنڈی کی راج کماری کو کسانوں کے مسائل کا کسی بھی قسم کا کوئی ادراک نہیں ہے۔ فارم 47 والوں نے تو صرف ٹک ٹاک کے لئے گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا تھا لیکن اس کے بعد پھر مڑ کر بھی کسانوں کی طرف نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا ہےکہ کسانوں کو نااہل جعلی حکومت نے 300 ارب روپے کا نقصان پہچایا ہے۔ اس پر مزید ظلم یہ ہے کہ کسانوں کو گندم بحران پر احتجاج کے آئینی حق سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔خیبرپختونخوا مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ راج کماری فسطائیت کی انتہا پر پہنچ گئی ہے۔ ایک جانب کسان رل رہے ہیں جبکہ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب پولیس کی وردی میں ملبوس ہو کر مزے لے رہی ہے۔بیرسٹر سیف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 والوں کو کسانوں کے مسائل کا قطعی ادراک نہیں ہے۔