Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان چیئرمین نیب تعینات, کابینہ نے منظوری دیدی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دیدی ۔ اس اہم عہدے پر نامزدگی سے قبل بھی آفتاب سلطان کئی اہم عہدوں پر فائز  رہ چکے ہیں۔

آفتاب سلطان پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 22کے افسر تھے ۔ اور وہ سابق آئی جی پنجاب سمیت دیگر اہم عہدوں میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔2008میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو یوسف رضا گیلانی نے آفتاب سلطان کو ڈی جی آئی بی تعینات کیا ۔ تاہم بعد میں راجہ پرویز اشرف نے آفتاب سلطان کو ڈی جی آئی بی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

2013کے عام انتخابات کے موقع پر آفتاب سلطان آئی جی پنجاب پولیس تھے ۔ جب 2013کے انتخابات میں نواز شریف وزیراعظم تھے تو آفتاب سلطان کو دوبارہ ڈی جی آئی بی لگا دیا گیا۔

اگست 2014کو جب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دھرنا دیا تو آفتاب سلطان آئی بی چیف تھے۔ آفتاب سلطان نے ہی 2014کے دھرنے کو ناکام کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران کچھ آڈیو ٹیپس پکڑی تھیں۔ انہوں نے وہ ٹیپ نواز شریف کو فراہم کی تھیں جس کے بعد پاکستانی سیاست میں یہ معاملہ کافی گرم بھی رہا تھا۔2014کے دھرنے میں عمران خان نے اپنی تقریروں میں باقاعدہ آفتاب سلطان کا نام لیکر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اگر2002کی بات کی جائے تو جب پرویز مشرف نے صدر بننے کیلئے ریفرنڈم کرایا تھا تو اس وقت آفتاب سلطان سرگودھا میں تعینات تھے ۔ انہیں ہدایات ملی تھیں کہ ریفرنڈم میں زیادہ سے زیادہ ووٹ دلوائے جائیں تاہم انہوں نے ایسا حکم ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ اسی پاداش میں مشرف حکومت نے آفتاب سلطان کو معطل کر دیا تھا۔
موجودہ وزیراعظم شہباز شریف اپنی حکومت میں آفتاب سلطان کو معاون خصوصی کا عہدہ دینا چاہتے تھے۔ تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ آفتاب سلطان نے حکومتی عہدہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.