Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےدورہ پاکستان سےتعلقات کےنئےدور کا آغاز ہوگا،عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا، پاکستانی عوام معزز مہمان کی آمد کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نےسعودی میڈیا کوانٹرویو کےدوران کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےآسان اورسازگارماحول پیدا کرنےکےلیے کوشاں ہیں اور سعودی سرمایہ کاری سےملک کی معیشت میں بہتری آئےگی،تمام شعبہ جات میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا واضح موقف ہے کہ کسی کو سعودی عرب پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے اور مقدس شہروں پر حملے کی صورت میں پاکستان تحفظ کے لیے موجود ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی کوریڈر قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان کی خودانحصاری کے لیے سعودی عرب کی گودار میں سرمایہ کاری سب سے اہم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک محض راہداری نہیں، گوادر میں سعودی آئل ریفائنری باہمی تعاون کا محض آغاز ہے، سلسلہ آگے بڑھےگا اور اگلے مرحلے میں خصوصی اقتصادی زونز پر توجہ مرکوز ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ بینکنگ، تعلیم، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، تجارت، تعمیر، ثقافت، سینما اور سیاحت کے میدان میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نےکہاکہ اسلامی فوجی اتحاد سعودی عرب اورمسلم دنیا کا دہشت گردی سےبچاؤ کا اولین اقدام ہے،اسلامی فوجی اتحاد ممبر ممالک اور خطےمیں سیاسی استحکام کےلیےکام کرےگا،اس اتحاد کےکسی ملک،خطے یا مسلک کےخلاف ہونے کا تاثر غیرمنطقی اور غیرحقیقی ہے۔

انہوں نےامید کا اظہار کیاکہ یہ اتحاد دہشت گردی کےخلاف مشترکہ جنگ کےلیےتمام مسلم ممالک کا اتحاد بنےگا،ہرتنازع کا حل سیاسی اور پرامن طریقے سے نکالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو پرامن اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے،  پاکستان ہر مشکل وقت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا اور سعودی عرب کو بھی اتنا محفوظ چاہتے ہیں جتنا پاکستان کو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہےاور20 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں جو اسے اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.