Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سینیٹ الیکشن 2018: "پرویز خٹک کے کہنے پر ووٹ فروخت کیے” تحریک انصاف کےسابق رکن صوبائی اسمبلی کا اعتراف

ووٹ فروخت کرنے والے تحریک انصاف کے ایک رکن نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پیسے وصول کیے مگر یہ رقم پرویز خٹک کے کہنے پر اسپیکر ہاؤس میں تقسیم کی گئی۔  گزشتہ رات ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ افراد نوٹوں کی گڈیاں گنتی کرکے بیگوں میں بھر رہے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ یہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان ہیں جو 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے کے عوض یہ رقم وصول کر رہے ہیں اور یہ الزام بھی عائد کیا گیا انہوں پیپلز پارٹی کو ووٹ فروخت کیا۔  تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے نے معاملے کا ایک نیا رخ دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے عبیداللہ مایار نے کہا کہ یہ ویڈیو بالکل ٹھیک ہے مگر پیسوں کی تعداد غلط بتائی گئی۔ اس میں ہر ایم پی اے کو ایک کروڑ روپے دیے گئے۔ یہ حکومت کے پیسے تھے اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے کہنے پر اسپیکر ہاؤس میں تقسیم کیے گئے۔

ندیم ملک نے سوال پوچھا کہ اپنے امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے پرویز خٹک نے پیسے کیوں دیے۔ اس پر عبیداللہ مایار نے جواب دیا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران تحریک انصاف نے ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیے جو نہ پارٹی سے تعلق رکھتے تھے اور نہ ہی وہ سیاسی کارکن ہیں۔ عبیداللہ مایار نے دو سینیٹرز کے نام بتائے اور یہ بھی بتایا کہ ان کو ملنے والی رقم سینیٹر فدا محمد خان اور سینیٹر ایوب آفریدی نے دی تھی۔ فدا محمد خان کا تعلق مسلم لیگ نواز سے تھا۔ ان کو سینیٹ انتخابات سے قبل تحریک انصاف میں شامل کروا کر ایک دن کے اندر ٹکٹ بھی دیا گیا جبکہ سینیٹر ایوب آفریدی کے خاندان میں بھی کوئی سیاست دان نہیں تھا پھر بھی ان کو ٹکٹ دیا گیا۔  عبیداللہ مایار  کا کہنا تھا کہ  سینیٹ کے ٹکٹ کیلئے نام اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے دیے تھے۔ پرویز خٹک نے اس وقت کہا تھا کہ یہ پیسے ہم نے سینیٹ کے امیدواران سے لیے ہیں۔ آپ 17، 17 ایم پی ایز کا گروپ بناکر اسپیکر کے گھر میں بیٹھیں۔ ان امیدواروں کو ووٹ دیں اور یہ پیسے لیکر اس پر اگلا الیکشن لڑیں، آپ کے ٹکٹ بھی کنفرم ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ ان ارکان نے پیپلز پارٹی کو ووٹ فروخت کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے نے خود پیسے دیے۔ جہاں پیسے دیے گئے وہ اسد قیصر کا گھر ہے اور ویڈیو بھی انہوں نے بنائی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.