Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

طالبان نے قندوز ائیرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کرلیا

طالبان آئندہ 90 دن میں افغانستان کا مکمل کنٹرول حاصل کرسکتے ہیں، امریکی انٹیلی جنس

کابل:  طالبان نے افغان شہر قندوز کے ائیرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کرلیا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے فرح، بدخشاں اور بغلان سے افغان افواج کے انخلا کے بعد اب طالبان نے نہ صرف قندوز ائیرپورٹ بلکہ وہاں قائم افغان فوج کی کور پامیر 217 کے ہیڈکوارٹر کو بھی قبضے میں لے لیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغان فوجی طالبان کے آگے ہتھیار ڈال رہے ہیں، اس کے علاوہ طالبان نے قندوز میں فوجی ہیلی کاپٹر کو بھی قبضے میں لیا ہے۔

افغان حکام کے مطابق ضلع فرخار میں سیکیورٹی فورسز کو طالبان کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ صوبے بدخشاں میں صورتحال انتہائی خراب ہے، سرکاری گاڑیوں کو لوٹ کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ صرف 5 روز کے دوران طالبان 34 میں سے 9 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرچکے ہیں جب کہ طالبان کی پیش قدمی کو روکنے میں ناکامی پر صدر اشرف غنی نے آرمی چیف عبدالولی احمد زئی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو نیا آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔

دوسری جانب امریکی انٹیلی جنس ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طالبان 90 روز میں افغان سیکیورٹی فورسز کو ہر محاذ پر شکست دیکر دارالحکومت پر قابض ہوسکتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ادارے نے طالبان کی موجودہ استعداد اور تیزی سے جاری فتوحات کو دیکھتے ہوئے اپنی رپورٹ میں تخمینہ لگایا ہے کہ طالبان 90 روز کے اندر افغان دارالحکومت کا کنٹرول بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے صرف 5 روز میں افغانستان کے ایک چوتھائی صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرلیا ہے اور اسی تیزی سے پیش قدمی جاری رہی تو آئندہ 30 دنوں میں طالبان افغان حکومت کو کابل تک محدود کرسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.