Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

قوم دیکھے گی کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں اور کسے پسینہ آتا ہے، وزیراعظم

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو جھوٹا اور منافق قرار دے دیا

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب یہ لوگ مجھے بلیک میل کرنے میں ناکام ہو گئے تو انہوں نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے خلاف باتیں کرنا شروع کر دیں۔ گلگت بلتستان کے 73 ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے  گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے اسکاؤٹس اور شہداء نے قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کروایا جس پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی وجہ سے یہاں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کر سکتا لیکن یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں اوپر لایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم بنتے ہی اعلان کیا تھا کہ جن لوگوں نے پاکستان کو لوٹا ہے انہیں نہیں چھوڑوں گا، آج یہ چور اور ڈاکو اکٹھے ہو گئے ہیں اور ملکی ریاستی اداروں کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ لوگ مجھے بلیک میل کرنے میں ناکام ہو گئے تو ان لوگوں نے اب آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف پر بندوقیں تانی ہوئی ہیں، اگر یہ چور اور ڈاکو آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے خلاف بول رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ میں نے دونوں کا بالکل ٹھیک انتخاب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے تو ہمارا سارا زور ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے پر تھا لیکن اب قانون کی بالادستی پر اتنا ہی زور لگاؤں گا اور ریاستی اداروں کو خود دیکھوں گا، قانون کی بالادستی کا مطلب ہے کہ اگر ایک طاقتور چوری کرتا ہے تو اس کو بھی اسی طرح سزا ملے جس طرح کمزور کو ملتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں قوم دیکھے گی کہ کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں اور کس کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو جھوٹا اور منافق قرار دے دیا۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کاکہنا تھاکہ مودی کی جیت کی دعا کرنے والا، رات کے اندھیرے میں کلبھوشن کے لیے آرڈیننس لانے والا اورکشمیرکا سوداکرنے والا اپوزيشن پرکیسے الزام لگاسکتاہےکہ وہ مودی کے بیانیے پر چل رہی ہے۔ بلاول کاکہنا تھاکہ یہ کہتے ہیں اپوزیشن منافقت کی سیاست کرتی ہے جب کہ وزیراعظم میں منافق کی ساری نشانیاں موجود ہيں، منافق کی 4 نشانیاں ہیں اور چاروں  وزیراعظم میں ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھاکہ ایک وزیراعظم ایک تقریر میں اتنے جھوٹ کیسے بول سکتا ہے؟ کچھ تو اپنے عہدےکا ہی لحاظ کرلو ، آپ نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑديے ہیں۔  ان کا کہنا تھاکہ میں یہاں سے حکومت بنا کر جاؤں گا، ہمیں سب کے لیے ایک قانون بنائیں گے، سیاستدان، جج اور جنرل کے لیے ایک قانون بنائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.