Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مریم نوازکی پریس کانفرنس: احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پیش کر دی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد اور پارٹی قائد نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے کیس میں جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو پیش کر دی۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ پاناما کا مضحکہ خیز تسلسل آج بھی جاری ہے جس کی وجہ سے تین مرتبہ کا وزیراعظم جیل میں قید ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر نواز شریف پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے شرمناک الزامات لگے لیکن یہ الزامات عدالت میں ثابت نہیں ہوئے مگر پھر بھی انہیں سزا دی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ جب ان کی تین نسلوں کے احتساب کے بعد بھی ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تو مفروضوں کی بنیاد پر فیصلے سنا دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں کہا گیا کہ ثبوت ہمارے پاس نہیں تھے جبکہ ہم نے 50 سال پرانا ریکارڈ بھی عدالت کو فراہم کیا لیکن ہمارے کسی ثبوت کو تسلیم نہیں کیا گیا جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ مقدمات شروع ہونے سے قبل ہی فیصلے کر لیے گئے تھے۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے بار بار عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ہر مرتبہ ایک نئی سزا دے دی گئی تاہم آخر میں نواز شریف نے فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا جس کا صلہ یہ ملا کہ انہیں غیبی مدد حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن ایسا آیا کہ سزا دینے والے خود بول اٹھے کہ ‘نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے’۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں جو ثبوت میں ملے ہیں اس سے واضح ہوتا ہے کہ نواز شریف کی سزا بدنیتی پر ہوئی ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران ایک ویڈیو بھی چلائی جو خفیہ کیمرے سے بنائی گئی تھی، جس میں ارشد ملک ناصر بٹ نامی شخص سے ملاقات کر رہے ہیں جس میں وہ نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ ویڈیو میں دکھائی دیے جانے والے جج نے ناصر بٹ کو فیصلہ سنانے کے بعد کہا تھا کہ ‘نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، فیصلے کے بعد سے میرا ضمیر ملامت کرتا رہا۔’ جج نے مزید کہا کہ نواز شریف تک یہ بات پہنچائی جائے کہ ان کے کیس میں جھول ہوا ہے۔

انہوں نے ویڈیو سے متعلق مزید بتایا کہ جج ارشد ملک ناصر بٹ کے سامنے اعتراف کر رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ویڈیو میں جج خود کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی منی لانڈنگ کا ثبوت نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک جگہ پر جج فرمارہے ہیں کہ جے آئی ٹی نے بیرون ملک جائیداد کی جانچ ہی نہیں کی۔ ویڈیو میں جج نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلوں میں دوہرا معیار اپنایا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ میں نواز شریف کو مرسی نہیں بننے دوں گی اور اس کے لیے آخری حد تک جاؤں گی اور یہ ویڈیو آخری حد ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.