Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک میں کورونا وائرس کےمریضوں کی تعداد 53 ہوگئی

صوبہ سندھ اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز کی تصدیق

صوبہ سندھ اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 53 تک جاپہنچی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ  آج سکھر سے آئے ہوئے 40 سیمپلز ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 13 مثبت آئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سکھر میں 293 زائرین تفتان سے آئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تین مریض کچھ دن قبل سعودی عرب سے واپس آئے تھے جب کہ ایک مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

بعد ازاں سندھ کے حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ گزشتہ رات بلوچستان سے کراچی آنے والے شہری کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد آج کراچی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 35 ہوگئی جن میں سے 2 مریض صحتیاب ہو کر گھر جاچکے ہیں

ملک کے سب سے بڑے صوبے کے دارالحکومت لاہور میں بھی کورونا وائرس کا پہلا  کیس سامنے آیا ہے۔ 4 روز قبل دبئی سے لاہور آنے والے ایک مسافر نے شبہ ہونے پر ٹیسٹ کرایا، نجی لیبارٹری نے مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کی۔

پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے بھی صوبے میں پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریض کو میو اسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ اس کے اہل خانہ اور گھر کے ملازمین کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.