Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ناسمجھ وزیر اعظم سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا: آصف علی زرداری

ٹنڈو الہ یار: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ناسمجھ وزیراعظم سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا، تحریک انصاف کی ناتجربہ کار حکومت نہیں چل سکے گی اور عمران خان کو اگلا وزیراعظم جیل بھیجے گا۔
ٹنڈوالہیار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن میں لائی گئی کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلنا، یہ حکومت ملک نہیں سنبھال سکتی اور حالات بہت سنگین ہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ بدترین جمہوریت بہترین آمریت سے بہتر ہوتی ہے، اسی لیے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں تاکہ کسی اور قوت کو نظام لپیٹنے کا موقع نہ ملے اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، تاہم پی ٹی آئی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح نظام کو توڑ دیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ یہ ناتجربہ کار حکومت ہے جسے سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، ون یونٹ کے خلاف ہم نے جدوجہد کی تھی اور موقع ملا تو آئین میں ترمیم کی، اب یہ حکومت اٹھارویں ترمیم سے متعلق کچھ شقوں کا بہانہ بناکر آئین کو منسوخ کرنا چاہتی ہے، ہم حکومت کی اس کوشش کی بھرپور مخالفت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نہیں چل سکے گی اور اگر اسے خطرہ ہوا تو اسے ہم نہیں بلکہ وہی طاقتیں سپورٹ کریں گی جو لے کر آئی ہیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اور کہتے ہیں ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈالوں گا، ہم میں جیل جانے کی صبر و برداشت ہے لیکن کیا عمران خان خود جیل جانا برداشت کرسکتے ہیں، جیسی کرنی ویسی بھرنی، نواز شریف نے احتساب عدالتیں اور قانون میرے لیے بنائے تھے لیکن خود ان کے گلے پڑگئے اور آج وہ کٹہرے میں کھڑے ہیں، عمران خان آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے لیکن آنے والا انہیں بھی جیل بھیجے گا۔
جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ جب تک جاں ہے یہ جنگ چلتی رہے گی، پہلے بھی مجھے قیدی بنایا گیا تھا اب بھی یہی ارادے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہماری ہمت آزمائے ہم ان کے ظلم آزمائیں گے، جے آٰٗئی ٹی میں مجھے اور بہن فرالھ تالپور کو بلایا گیا ہے لیکن بلاول کو طلب نہیں کیا گیا، ہم نے سوالات کے جواب دیے ہیں، کیس چلے گا تو دیکھیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.