Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ورلڈکپ سیمی فائنل: نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دیدی

مانچسٹر: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیکر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ نیوزی نے 2015 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں بھی دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا تاہم فائنل میں کینگروز نے کیویز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 221 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا لیکن  دوسرے اوور میں روہت شرما ایک رن بنا کر میٹ ہینری کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کے ایل راہول کا ساتھ دینے کے لیے بھارتی کپتان ویرات کوہلی آئے جو تیسرے اوور میں بولٹ کی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جب کہ چوتھے اوور کا آغاز ہوتے ہی بلے باز راہول بھی میٹ ہینری کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔بھارت کی چوتھی وکٹ 24 کے مجموعے پر گری اور کارتھک 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ریشب پنٹ اور ہاردک پانڈیا 32، 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں کو مچل سینٹنر نے آؤٹ کیا۔

ایک موقع پر بھارت کے 6 کھلاڑی 92 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے لیکن مہندرا سنگھ دھونی اور رویندرا جڈیجہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت نے میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔ جڈیجہ نے 59 گیندوں پر چار چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتحیاب نہ کرا سکے اور 48 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 31 رنز درکار تھے، دھونی نے 49 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر میچ کو مزید دلچسپ بنایا لیکن پھر اگلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل کی شاندار تھرو پر دو رنز لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔

بھارتی ٹیم 50 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف سے 18 رنز کی دوری پر آل آؤٹ ہو گئی اور اس طرح نیوزی لینڈ نے مسلسل دوسری بار ورلڈکپ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.